Home / خبریں / بہاراردواکادمی کے زیراہتمام دوروزہ عالمی اردو کانفرنس ۲۱ اور ۲۲ مارچ کو

بہاراردواکادمی کے زیراہتمام دوروزہ عالمی اردو کانفرنس ۲۱ اور ۲۲ مارچ کو

ملک اور بیرون ملک کے نامور ادیبوں اور شاعروں کی شرکت یقینی

IMG_3756
پروفیسر ڈاکٹر صغیر افراہیم (مدیر تہذیب الاخلاق ) علی گڑھ 

پٹنہ (اسٹاف رپورٹر) اردوگنگا جمنی ہندوستانی تہذیب کی زبان ہے اور اس کے ادب میں مہرو محبت کی سدا بہار خوشبو رچی بسی ہے۔ اس زبان کی جائے پیدائش پر چاہے ماہرین لسانیات کا اتفاق ہو یانہ ہو، لیکن اس کے ہند نژاد ہونے پر سبھوں کا اتفاق ہے اور اس کی شیرینیت کا ایک زمانہ معترف ہے۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سکریٹری بہاراردو اکادمی نے مزید کہاکہ ہمیں بے حد مسرت ہے کہ سال گزشتہ طرح امسال بھی دوروزہ عالمی اردو کانفرنس کا انعقاد ہورہاہے۔ ’’اردو زبان و ادب: ہنداور بیرون ہند‘‘ کے موضوع پر ، ۲۱؍اور ۲۲ مارچ کو اکادمی سمینار ہال میں دن کے دس بجے سے پروگرام کا آغاز ہوگا اور اس تاریخ ساز کانفرنس کی بہاریں یقینا اردو آبادی کے لئے یادگار ہیں گی۔
جناب نوری نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ اس کانفرنس کا افتتاح عزت مآب گورنر بہار جناب رام ناتھ کووند فرمائیں گے اور اس میں بیرون ملک مندو بین کے علاوہ ریاست اور بیرون ریاست کے علمائے شعروادب کی بڑی تعداد میں شرکت یقینی ہے۔ جناب جاوید دانش، جناب انور ظہیر رہبر (کناڈا) جناب باصر سلطان کاظمی (لندن) محترمہ عشرت معین سیما (جرمنی) محترمہ وفایزدان منش (تہران) جناب مہتاب قدر (جدہ) جناب احمد اشفاق (دوحہ، قطر) جناب شہاب الدین احمد (قطر) جناب امجد علی ہارون (بحرین) جناب ندیم ماہر (دوحہ) اور جناب اشرف شاد (آسٹریلیا) کے علاوہ دہلی سے پروفیسر سید ارتضیٰ کریم، ڈاکٹر محمد کاظم، ڈاکٹر واحد نظیر، ڈاکٹر سرور الہدیٰ، جموں سے جناب شہاب ملک، حیدرآباد سے ڈاکٹر زاہد الحق اور علی گڈھ سے پروفیسر صغیر افراہیم اور ڈاکٹر خالد سیف اﷲ کی تشریف آوری ہوگی جب کہ اندرون ریاست سے ڈاکٹر مشتاق احمد (دربھنگہ) ڈاکٹر حامد علی خاں (حاجی پور) ڈاکٹر ہمایون اشرف (ہزاری باغ) ڈاکٹر ارشد مسعود ہاشمی (گوپال گنج) ڈاکٹر احمد کفیل (گیا) ڈاکٹر شہاب ظفر اعظمی، ڈاکٹر شاہد جمیل اور ڈاکٹر زرنگار یاسمین (پٹنہ) کی شرکت متوقع ہے۔ اس دوروزہ عالمی اردو کانفرنس کے مختلف اجلاس کی صدارتی ذمہ داری جناب شفیع مشہدی، پروفیسر علیم اﷲ حالی، پروفیسر عبدالصمد، جناب شموئل احمد ڈاکٹر جاوید حیات (پٹنہ) اور پروفیسر رئیس انور (دربھنگہ) انجام دیں گے۔
سکریٹری موصوف نے بتایا کہ اس کانفرنس کا انعقاد، پابندی وقت کے ساتھ دن کے ۱۰ بجے سے ہوگا اور دونوں ہی دن مقالہ خوانی کی نوع بنوع محفل آراستہ رہے گی، اس کے علاوہ پہلے دن ۲۱ مارچ کو ۶ بجے شام سے ’’داستان گوئی‘‘ (مونوڈرامہ) کناڈا سے آنے والے مہمان جناب جاوید دانش پیش کریں گے اور دوسرے دن ۲۲ مارچ کو ۶ بجے شام سے شعری نشست کا آغاز ہوگا، جس میں غیرملکی شعرا کے علاوہ مقامی شعرا بھی اپنے کلام سے نوازیں گے۔ کانفرنس کے اجلاس کی مزید تفصیلیں، اخبارات کے ذریعہ اردو آبادی تک پہنچتی رہیں گی۔ اس پروگرام کی تیاری کا کام اپنے آخری مراحل میں ہے اور ہمیں یقین ہے کہ محبان اردو کی شرکت اسے مثالی اجتماع بنا دے گی۔ یہ ہمارے نوجوان ریسرچ اسکالروں کے لئے بھی ایک نادر موقع ہے، جنہیں ذی علم مہمانوں کے مقالات سے اہم علمی نکات ملیں گے۔ اردو دوستوں سے ہماری پرزور گزارش ہے کہ وہ اس دوروزہ عالمی کانفرنس کو اپنی مخلصانہ دلچسپیوں سے کامیاب بنائیں اور اسے اپنی جوق درجوق شرکت سے نوازیں۔

About ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

*

Scroll To Top
error: Content is protected !!
Visit Us On TwitterVisit Us On Facebook